اسلام آباد ( آن لائن)وزیر اعظم شہباز شریف سے اپوزیشن لیڈر راجہ ریاض نے ملاقات کی اور نئے چیئرمین نیب کے ناموں پر مشاورت کی ،ذرائع نے بتایا کہ جمعہ کے روز وزیرا عظم اور اپوزیشن لیڈر کی ملاقات یہاں وزیر اعظم ہائوس میں ہوئی
،دونوں رہنمائوں کے درمیان چیئرمین نیب کی تعیناتی کیلئے موزوں شخصیت کی نامزدگی پر اتفاق ہوا ہے ،ملاقات میں مختلف ناموں پر غور کیا گیا،ابتدائی طور پر چارناموں پر مشاورت کی گئی جن میں سابق بیورو کریٹ فواد حسن فواد ،سابق چیئرمین نیب قمر الزماں اور سابق ڈی جی ایف آئی اے بشیر میمن اورعرفان قادر شیخ کے ناموں پر مشاورت کی گئی ،ذرائع کے مطابق دونوں رہنمائوں نے کسی ریٹائرڈ جج کی بجائے ریٹائرڈ بیورو کریٹ کو چیئرمین لگانے پر اتفاق کیا ہے ،وزیراعظم اور اپوزیشن لیڈر نے ان چار ناموں پر اپنی اتحادی جماعتوں سے مشاورت کریں گے ۔بعد ازاں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے اپوزیشن لیڈر راجہ ریاض نے کہا ہے کہ وزیر اعظم کے ساتھ ملاقات مثبت رہی ہے ،ملک کی سیاسی و معاشی صورت حال سمیت نئے چیئرمین نیب کے تقرر پر معاملے تفصیلی مشاورت ہوئی اور مختلف نام زیر غور آئے ،آئین و قانون کے مطابق چیئرمین نیب کا تقرر کریں گے ،دو جون سے پہلے چیئرمین نیب کا تقرر کرلیں گے،ابھی کوئی نام فائنل نہیں ہوا تاہم جن ناموں پر مشاورت ہوئی ہے وہ سب عزت دار اور قابل احترام ہیں۔