اسلام آباد (این این آئی)پی ٹی آئی کارکنان کو ہراساں کرنے اور وکلاء کو عدالتوں سے روکنے کے خلاف درخواست نمٹا دی گئی۔ جمعہ کو اسلام آباد ہائی کورٹ کے چیف جسٹس اطہر من اللہ کیس کی سماعت کی۔پی ٹی آئی کی جانب سے
بابر اعوان عدالت میں پیش ہوئے۔ چیف جسٹس نے بابر اعوان سے مکالمہ کیا کہ یہ کیس تو اب ختم نہیں ہوا ؟ ۔ بابر اعوان نے کہاکہ یہ کیس ختم ہوا مگر میں کچھ کہنا چاہتا ہوں ،ہمارے کارکنان کو بری طرح زخمی کردیا گیا۔ چیف جسٹس نے کہاکہ یہ درخواست تو اب ختم ہوئی،سیاسی جماعتوں کو احتجاج کرتے ہوئے بھی دیکھنا چاہیے۔ بابر اعوا ن نے کہاکہ آئین میں ہر شہری کو احتجاج کا حق حاصل ہے، ہمارے طرف متاثرین ہیں دوسرے طرف گواہ پولیس اور تھانہ ہے۔ انہوںنے کہاکہ اسلام آباد پولیس گھروں میں بغیر کسی طریقے میں داخل ہوئی۔چیف جسٹس نے کہاکہ اگر کوئی ڈی چوک میں تھا ،احتجاج کرنا تھا، اسے ہٹانا تو پولیس کا کام تھا، تمام سیاسی جماعتیں بڑی ذمہ دار ہیں اور اپنا کام قانونی طور سے حاصل کرتی ہیں، ریاست کو تشدد یا حق تلفی نہیں کرنی چاہیے۔عدالت نے پی ٹی آئی اور اسلام آباد ہائی کورٹ بار ایسوسی ایشن کی درخواست نمٹا دی۔