اسلام آباد ( آن لائن، این این آئی) عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید نے کہا ہے کہ میں ایک بہتر حل دیکھ رہا ہوں، دیر سویر ہو سکتی ہے، سارا کریڈٹ عمران خان کو جائے گا۔امید ہے معاملات صلح صفائی سے طے پا جائیں گے اور مثبت حل نکل آئے گا اور دوسرے لانگ مارچ کی ضرورت نہیں پڑے گی۔
نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے شیخ رشید نے حکومت پر الزام عائد کیا کہ حقیقی آزادی مارچ کے شرکائ کو اسلام آباد آنے سے روکنے کے لیے پورے پاکستان میں کریک ڈاؤن کیا گیا اور لوگوں کو روکا گیا۔شیخ رشید نے مزید کہا کہ کل رات کے واقعات کے بعد لوگوں کی آنکھوں میں خون ہے۔مگر عمران خان بہتر حل نکال کریں گے۔شاید اب دوسری بار لوگوں کو متحرک کرنے کی ضرورت پیش نہ آئے۔دوسری جانب پاکستان تحریک انصاف کے رہنما اور ڈپٹی اسپیکر قاسم سوری نے عمران خان کو مشورہ دیا ہے کہ خان صاحب تھوڑا اسلامی ٹچ دیں۔ بدھ کو اسلام آباد میں کارکنوں کے خطاب کے دوران عمران خان کی ایک ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہورہی ہے جس میں سابق ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی قاسم سوری انہیں کان میں کچھ کہہ رہے ہیں۔عمران خان کے خطاب کے دوران قاسم سوری نے پارٹی چیئرمین کیکان میں کہاکہ خان صاحب ! تھوڑا اسلامی ٹچ دیں۔قاسم سوری اپنی بات کرنے کے بعد پیچھے ہٹ گئے جس کے بعد عمران خان نے اپنے خطاب میں کہا کہ میں اپنے آپ کو عاشق رسول کہتا ہوں اور نبیۖ کا فالوور ہوں۔
دوسری جانب عمران خان کے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر جناح ایونیو پر خطاب کی ویڈیو جاری کی گئی ہے جس میں ساتھ ہی انہوں نے اپنا بیان بھی جاری کیا۔عمران خان نے ویڈیو کے ساتھ جاری بیان میں کہا کہ پچھلے 2 دن میں جو میں نے دیکھا یہ ملک میں انتشار کروانا چاہتے ہیں، پولیس اور فوج کو اپنی عوام سے لڑوانا چاہتے ہیں، پولیس بھی ہماری ہے، فوج بھی ہماری ہے اور عوام بھی ہماری ہے۔بیان میں کہا گیا کہ نبی ۖکے حکم کیمطابق میں قوم کو اکٹھا کررہا ہوں۔