لاہور ٗ اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک ٗ این این آئی) تحریک انصاف نے سیینٹر اعجاز چوہدری کی گرفتاری کا دعویٰ کیا ہے۔ترجمان پی ٹی آئی نے دعویٰ کیا کہ پولیس نے بدھ کو علی الصبح سینیٹر اعجاز چوہدری کو ماڈل ٹاؤن سےگرفتار کیا اور انہیں نامعلوم مقام پر منتقل کردیا گیا۔
ترجمان کا کہنا تھا کہ ماڈل ٹاؤن پولیس دروازہ توڑ کر اعجاز چوہدری کے گھر میں داخل ہوئی اور سادہ لباس اہلکاروں نے اعجاز چوہدری کو گرفتار کیا۔ڈی آئی جی آپریشنز لاہور نے اعجاز چوہدری اور میاں محمود الرشید کو تحویل میں لینے کی تصدیق کی ہے۔دوسری جانب پولیس ذرائع کا کہنا ہےکہ لاہور میں پی ٹی آئی کے مقامی رہنما رانا جاوید کے گھر پر بھی چھاپہ مارا گیا اور پولیس نے ان کے گھر کی تلاش لی تاہم رانا جاوید کے گھر میں موجود نہ ہونے کے باعث گرفتاری نہ ہوسکی۔سی سی پی او لاہور کے مطابق پی ٹی آئی رہنما بجاش نیازی اور زبیر نیازی کے گھر پر بھی چھاپہ مارا گیا جہاں سے اسلحہ برآمد ہوا تاہم اس دوران کوئی گرفتاری نہیں ہوئی۔دوسری جانب وزارت داخلہ نے کہا ہے کہ پاکستان کے کسی بھی علاقے میں موبائل فون یا انٹرنیٹ سروس بند کرنے کا تاحال کوئی فیصلہ نہیں ہوا۔ترجمان وزارت داخلہ کے مطابق میڈیا سے گذارش ہے کہ وہ بغیر تصدیق ایسی خبریں نا چلائے۔