لاہور( این این آئی)کرتارپور راہداری نے تقسیم ہند کے وقت بچھڑنے والے بہن بھائی کو 75 سال بعد ملوا دیا، بہن بھائی کرتارپور میں ملے تو دہائیوں کے دکھ آنسووں میں بہا دیئے ۔
75سال پہلے سیکھواں پنڈ شیخوپورہ کا رہائشی تیج کور کا خاندان ہجرت کے دوران ایک دوسرے سے بچھڑ گیا تھا۔6 ماہ کی تیج کور کو شیخوپورہ کے مقامی شخص نے گود لیا اور نام ممتاز رکھ دیا جبکہ بھائی اپنے والد کے ساتھ بھارت کے علاقے پٹیالہ چلے گئے۔بچھڑے بہن بھائیوں کا کچھ عرصہ قبل سوشل میڈیا پر رابطہ ہوا۔پٹیالہ سے ممتاز بی بی کے بھائی گورمکھ سنگھ اپنے اہل خانہ کے ہمراہ کرتار پور راہداری کے ذریعے دربار بابا گورو نانک پہنچے جہاں بہن بھائی دہائیوں بعد ایک دوسرے سے گلے ملے تو خوشی سے رو پڑے۔اس موقع پر ممتاز بی بی نے بھائی سے ملنے پر خوشی کا اظہار کیا۔پٹیالہ سے آئے گورمگھ سنگھ نے کہا کہ دربار بابا گورو نانک کرتار پور کے درشن اور بہن سے ملنے کی دو خوشیاں ایک ساتھ ملی ہیں۔