لاہور (آن لائن)پنجاب حکومت نے صوبے میں بیوروکریسی کے تبادلوں کا جھکڑ چلانے کا عندیہ دے دیا ہے۔ جس کی روشنی میں سول سیکرٹریٹ کے محکمہ سروسز نے بیورو کرریسی کے وسیع پیمانے پر تبادلوں اور تقرریوں کی تیاریاں مکمل کرلیا ہے۔
بتایا گیا ہے کہ پہلے مرحلے میں پنجاب کے 4 اضلاع کے کمشنروں 8 سیکرٹریوں اور 7 اضلاع کے ڈپٹی کمشنروں کو تبدیل کیا جائے گا۔ ممکنہ طور پر تبدیل کئے جانے والے چار کمشنروں میں کمشنر لاہور کیپٹن (ر) محمد عثمان سمیت کمشنر فیصل آباد، کمشنر ڈی جی خان اور کمشنر بہاولپور شامل ہیں۔ پنجاب کے جن 7 اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز تبدیل کئے جانے کا امکان ہے ان میں ضلع قصور، ضلع شیخوپورہ، ضلع مظفر گڑھ، ضلع ملتان، ضلع منڈی بہاولدین، ضلع ڈیرہ غازی خان، سمیت ضلع ڈی آئی خان شامل ہیں۔ مزید برآں تقرر و تبادلوں کے پہلے مرحلے میں پنجاب کے جن آٹھ محکموں کے سیکرٹریوں کو تبدیل کئے جانے کا امکان ہے ان میں محکمہ سی اینڈ ڈبلیو، محکمہ ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن پنجاب، محکمہ جنگلات پنجاب، محکمہ آبپاشی جنگلات، محکمہ زراعت پنجاب، محکمہ معدنیات پنجاب اور محکمہ انفارمیشن شامل ہیں۔ مذکورہ افسران کے تقرر و تبادلوں کا پیپر ورک مکمل کرلیا گیا ہے۔