اسلام آباد (این این آئی)پاکستان علماء کونسل کے سربراہ علامہ حافظ طاہر محمود اشرفی نے کہا ہے کہ گذشتہ دنوں مسجد نبوی ؐ کا تقدس پامال کیا گیا، ہم سب شرمندہ ہیں،اذان مغرب کے وقت بھی غلیظ نعرے لگائے گئے، یہ منصوبہ بندی کے تحت کیا گیا ، تحریک انصاف اور سابق وزراء کی جانب سے واقعہ کی حوصلہ افزائی کی گئی ، سمجھتا تھا عمران خان واقعہ کی مذمت کرینگے ،
ان کے بیانات سے مجھے تکلیف پہنچی ۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے حافظ طاہر محمود اشرفی نے کہا کہ خانہ کعبہ کے بعد مسلمانوں کے مقدس ترین مقام مسجد نبوی ؐ میں گذشتہ 100 سالہ تاریخ کا افسوس ناک واقعہ پیش آیا جسے بیان نہیں کیا جاسکتا ہے۔حافظ طاہر محمود اشرفی نے کہا کہ میں واقعہ کا عینی شاہد ہوں، اس وقت میں وہاں موجود تھا، جہاں درود شریف بھی آہستہ پڑھنے کا حکم ہے وہاں منصوبہ بندی کے تحت مسجد کے مختلف حصوں میں ٹولیاں کھڑی کی گئیں اور گنبد خضریٰ کے سائے تلے بھی یہ ٹولے کھڑے تھے اور جب وزیراعظم کا وفد افطار سے کچھ دیر قبل نکلا تو ہوٹل سے لے کر گند خضریٰ تک ایک ہی غلیظ نعرہ لگایا گیا جس سے ظاہر ہے کہ یہ منصوبہ بندی کے تحت کیا گیا، یہاں تک کہ اذان مغرب کے وقت بھی غلیظ نعرے لگائے گئے۔سربراہ پاکستان علماء کونسل نے کہاکہ مریم اورنگزیب کے ساتھ روا رکھا گیا سلوک بھی قابل مذمت ہے، واقعے نے بطور پاکستانی ہمارے سر شرم سے جھکا دئیے ہیں، مسجد نبوی ؐ کے تقدس کو پامال کیا گیا جس سے عالم اسلام میں پاکستان کی بدنامی ہوئی۔انہوںنے کہاکہ سابق وزرا اور تحریک انصاف کے کارکنوں کی جانب سے اس واقعے کی حوصلہ افزائی کی گئی، یہ سب پاکستان کے نام پہ کیا گیا، میں سمجھتا تھا کہ عمران خان جنہیں میں عاشق رسول ؐ سمجھتا ہوں وہ اس کی مذمت کریں گے لیکن ان کے بیانات سے مجھے تکلیف ہوئی ہے۔