اسلام آباد،لاہور( آن لائن، این این آئی )حکومت نے عید الفطر کے تینوں دن بجلی کی لوڈ شیڈنگ نہ کرنے کا فیصلہ کرلیا۔عید پر بجلی کی لوڈ شیڈنگ ختم کرنے کے احکامات وزیر اعظم شہباز شریف نے دئیے۔ذرائع کے مطابق حکومت نے پاور ڈسٹری بیوشن کمپنیوں سے بجلی کی
طلب اور رسد کی تفصیلات طلب کرلی ہیں جبکہ لوڈ شیڈنگ نہ ہونے کو یقینی بنانے کے لیے تمام پاور جنریشن کمپنیوں کو مطلوبہ تیل اور گیس فراہم کرنے کی ہدایت کر دی گئی ہیں ۔ ذرائع کا کہنا ہے تیل اور گیس کی قلت کے باعث متعدد پاور پلانٹس سے بجلی کی پیداوار میں کمی آئی، عید پر بجلی کی لوڈ شیڈنگ کنٹرول نہ کرنے والوں کے خلاف کارروائی ہوگی۔دوسری جانب واپڈا نے سال 2028-29 تک پن بجلی کی پیداوار موجودہ 9 ہزار406میگا واٹ سے 20ہزار 591میگا واٹ تک بڑھانے کی غرض سے پن بجلی کے پیداواری پلانٹ میں توسیع کیلئے ایک جامع حکمت عملی مرتب کی ہے۔سرکاری ریڈیو نے خبرساں ادارے کے حوالے سے بتایا کہ پن بجلی توانائی کا یہ حصہ دو مراحل میں شامل کیا جائے گا، پہلے مرحلے کے تحت 2025 تک پن بجلی کی پیداوار 9ہزار 406سے 12ہزار 366میگا واٹ تک بڑھائی جائے گی اور اگلے مرحلے میں 2028-29تک اس میں 20ہزار 591میگا واٹ تک کا اضافہ کیا جائے گا۔واپڈا حکام نے کہا کہ اس وقت مجموعی طور پر پن بجلی کا حصہ 31فیصد ہے جس سے سالانہ 37 ارب یونٹ توانائی پیدا ہوتی ہے۔واپڈا اپنے پیداواری منصوبے کے تحت کم لاگت پن بجلی کے 17ارب یونٹ شامل کرے گا جس سے یونٹس کی تعداد سال 2025 تک 37 ارب سے 54 ارب تک بڑھ جائے گی۔