ماسکو(این این آئی)کئی ملکوں نے روس کے ساتھ تجارت روبل میں کرنے کا اصولی فیصلہ کرلیا ہے۔میڈیارپورٹس کے مطابق یورپ کی کچھ بڑی توانائی فرموں نے کریملن
کی طرف سے مطالبہ کردہ روسی گیس کی فراہمی کے لیے ادائیگی کا نیا نظام استعمال کرنے کا منصوبہ بنایا ہے۔ذرائع کے مطابق جرمنی، آسٹریا، ہنگری اٹلی اور سلوواکیہ کے گیس ڈسٹری بیوٹرز کا مقصد سوئٹزرلینڈ کے گیزپرومبینک میں روبل اکائونٹس کھولنا ہے، رپورٹ میں بتایا گیا کہ یورپی خریداروں اور روسی گیس سپلائی کرنے والے گیز پروم کے درمیان بات چیت آخری مرحلے میں داخل ہوچکی ہے کیونکہ ادائیگی کی آخری تاریخ قریب آ رہی ہے۔نئے طریقہ کار کے تحت یورپی کمپنیاں گیز پروم بینک کو یورو میں اپنی درآمدات کے لیے ادائیگی جاری رکھیں گی تاکہ پابندیوں کے نظام کی خلاف ورزی نہ ہو۔روسی بینک جو یورپی یونین کی پابندیوں کے تحت نہیں ہے، اس کے بعد ان کی درخواست پر روسی گیس فراہم کرنے والے کو ادائیگی کے لیے ان کے نام سے کھولے گئے دوسرے اکائونٹ میں یورو کو روبل میں تبدیل کر دے گا۔