اسلام آباد (مانیٹرنگ، این این آئی) مسلم لیگ ن کے سینیٹر رہنماء اور وفاقی وزیر میاں جاوید لطیف نے اپنے عہدے کا حلف اٹھانے کے بعد بتایا کہ میری والدہ نے مجھے ہدایت کی کہ کبھی طاقتور کے سامنے نہ جھکنا اور کمزور پر غصہ نہ کرنا،
تمام صلاحیتیں ملک کے لئے وقف کرنا، نواز شریف سے وفاداری نبھانا، معاشرے سے کم ہوتی اخلاقی قدریں ملکی پہچان نہ بننے دینا، خدا کرے سیاست سے گالم گلوچ کا خاتمہ ہو۔ وفاقی وزیر میاں جاوید لطیف نے یہ پیغام سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر دیا ساتھ ہی انہوں نے حلف اٹھانے کی تصویر بھی جاری کی۔ وفاقی وزیر جاوید لطیف کا کہنا ہے کہ عمران خان تمھاری سربراہی میں قومی سلامتی کمیٹی میں تمام ایجنسیوں نے بتایا سازش نہیں ہوئی،عمران خان کی بیرونی سازش کی تکرار سیاسی مظلومیت کی ناکام کوشش ہے۔ انہوں نے کہاکہ چار سالوں میں کوئی ایسا پراجیکٹ بتا دو جس سے دشمنوں کو سازش کرنا پڑی یا آپ کا ہٹانا ضروری ہوا۔ انہوں نے کہاکہ پرویز الٰہی کو کامیابی نہ مل سکی یہ کس ملک کی سازش تھی؟۔انہوں نے کہاکہ آزاد کشمیر میں نئے اے ٹی ایم نے سابق وزیر اعظم آزاد کشمیر کے خلاف کس ملک کے کہنے پر سازش کی؟،آئینی طریقے سے حکومت ہٹانا سازش ہے یا پارلیمنٹ کے سامنے دھرنا دینا؟،روز تھرڑ امپائر کو حکومت گرانے کی آوازیں دینا آئینی تھا یا غیر آئینی؟