لاہور( این این آئی) سپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویز الٰہی نے ڈپٹی سپیکر دوست محمد مزاری کے اختیارات کی بحالی کے خلاف انٹرا کورٹ اپیل دائر کر دی۔پرویز الٰہی نے امتیاز صدیقی ایڈووکیٹ کے ذریعے لاہور ہائیکورٹ میں انٹرا کورٹ اپیل دائر کی ۔درخواست میں
ڈپٹی سپیکر دوست محمد مزاری، سیکرٹری اسمبلی، آئی جی اور چیف سیکرٹری کو فریق بنایا گیا ہے۔سپیکرچودھری پرویز الٰہی نے موقف اختیار کیا ہے کہ چیف جسٹس نے ڈپٹی سپیکر کے اختیارات کی بحالی پر قانون کا غلط اطلاق کیا۔درخواست میں موقف اپنایا گیا ہے کہ چیف جسٹس نے اسمبلی رولز اور آئین کو نظر انداز کر کے ڈپٹی سپیکر کے اختیارات بحال کیے۔ڈپٹی اسپیکر پارٹی بن چکے ہیں، مسلم لیگ (ن) کو سپورٹ کر رہے ہیں، ڈپٹی سپیکر کی زیر صدارت انتخاب صاف و شفاف نہیں ہو سکتا۔درخواست میں کہا گیا ہے کہ دوست محمد مزاری کو وزارتِ اعلی کا انتخاب کرانے کی اجازت دینا قانون کی خلاف ورزی ہے۔ڈپٹی سپیکر کی ہائیکورٹ میں دائر کی گئی درخواست ہی ناقابل سماعت تھی، اسمبلی کی کارروائی کو آئینی دائرہ اختیار میں عدالت میں نہیں لایا جا سکتا۔استدعا ہے کہ اختیارات کی بحالی کا سنگل بنچ کا فیصلہ غیر قانونی و غیر آئینی قرار دے کر کالعدم کیا جائے، درخواست کے حتمی فیصلے تک چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ کے فیصلے کو معطل کیا جائے۔