لاہور( این این آئی) پنجاب اسمبلی کے ڈپٹی سپیکر سرداردوست محمدمزاری نے وزیراعلی پنجاب کے انتخاب کے لئے کل 6اپریل کو ہونے والا اجلاس16 اپریل تک موخر کردیا۔ڈپٹی سپیکر سردار دوست محمد مزاری کی جانب سے جاری احکامات میں کہا گیا ہے کہ صوبائی اسمبلی
پنجاب کے رولز اینڈ پروسیجر 1997 کے رول 25 بی کے تحت حکم دیا جاتا ہے کہ صوبائی اسمبلی کے 40 ویں سیشن کا اگلا اجلاس 6 اپریل 2022 کے بجائے ہفتہ 16 اپریل 2022 کو اسمبلی چیمبرز میں ہوگا۔پنجاب اسمبلی کا اجلاس 16 اپریل کو صبح ساڑھے 11 بجے ہوگا۔وزیر اعلیٰ پنجاب کیلئے تحریک انصاف کی جانب سے چودھری پرویز الٰہی امیدوار ہیں جنہیں مسلم لیگ (ق) ،چھینہ گروپ اور مبینہ طور پر ترین گروپ کے تین اراکین کی حمایت بھی حاصل ہے جبکہ متحدہ اپوزیشن کی جانب سے حمزہ شہبازامیدوار ہیں جنہیں مسلم لیگ (ن) ،پیپلزپارٹی ،ترین گروپ ،علیم خان گروپ اوراسدکھوکھرگروپ سمیت کچھ آزاد اراکین کی حمایت بھی حاصل ہے ۔ گزشتہ اجلاس صرف چند منٹ کی کارروائی کے بعد ملتوی کر دیا گیا تھا جبکہ ایوان میں حکومتی اوراپوزیشن اراکین کی خواتین میں ہاتھا پائی بھی ہوئی تھی ۔ متحدہ اپوزیشن کی جانب سے پنجاب اسمبلی میں کئی گھنٹے تک احتجاج بھی کیا گیا ۔۔گزشتہ اجلاس میں ہونے والی توڑپھوڑ کو فیصلے کی وجہ بتایا گیا ہے۔ اسمبلی ذرائع کے مطابق ایوان اور لابی میں ٹوٹ پھوٹ کی مرمت کے لیے اجلاس تاخیر کا شکار ہوا۔ نقصان پہنچنے والی اشیا ء کی مرمت کے لیے وقت درکار ہے جس کے لیے اجلاس کی تاریخ میں توسیع کی گئی۔