اسلام آباد(این این آئی)قومی اسمبلی تحلیل اور کابینہ ختم ہونے کے بعد خاتون اوّل بشریٰ بی بی کی انتہائی قریبی دوست فرح خان دبئی روانہ ہوگئیں جبکہ پی ٹی آئی سے تعلق رکھنے والے رہنماؤں نے بھی بیرونِ ملک روانگی کی تیاری شروع کردی ہے۔
نجی ٹی وی نے اپنی رپورٹ میں کہاکہ پاکستان تحریک انصاف کے ذرائع سے ملنے والی اطلاع کے مطابق خاتونِ اوّل بشریٰ بی بی کی انتہائی قریبی دوست فرح خان دبئی روانہ ہوگئیں۔ ذرائع کا کہنا ہے فرح خان اتوار کو پاکستان سے دبئی روانہ ہوئیں۔ بتایا گیا ہے کہ فرح خان کے شوہر پہلے سے دبئی میں موجود ہیں۔علاوہ ازیں ذرائع نے دعویٰ کیا کہ پی ٹی آئی کے دیگر رہنما بھی بیرونِ ملک روانگی کیلئے تیار ہیں اور وہ کسی بھی وقت فلائٹ پکڑ پر پاکستان سے جاسکتے ہیں۔واضح رہے کہ پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو اور مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز نے گزشتہ دنوں متعدد بار فرح نامی خاتون کا نام لیا اور اْن پر کرپشن کے الزامات عائد کیے تھے۔بعد ازاں وزیراعظم کے معاونِ خصوصی برائے سیاسی روابط شہباز گل نے شدید ردعمل دیتے ہوئے کہا تھا کہ مریم نواز کو جب خاتون اول پر تنقید کا کوئی طریقہ نہیں ملا تو انہوں نے دوست کو بنیاد بنا کر الزام تراشی شروع کردی جبکہ فرح خان نہ تو پی ٹی ا?ئی کی کوئی عہدیدار ہیں اور نہ ہی اْن کے پاس کوئی سرکاری عہدہ ہے۔