اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک/این این آئی)وزیر اعظم عمران خان کا دعویٰ ہے کہ ان کی حکومت گرانے کی عالمی سازش ہو رہی ہے اور انہیں دھمکی آمیز خط ملا ہے جبکہ سکیورٹی ذرائع نے کہا ہے کہ مبینہ خط نیشنل سکیورٹی کمیٹی کے فورم پر بھی نہیں لایا گیا۔
جنگ کی رپورٹ کے مطابق اُدھر یورپی یونین کے سفارت کاروں نے اس حوالے سے رابطہ کرنے پر ایسے کسی دھمکی آمیز خط سے مکمل لا علمی کا اظہار کیا ہے۔ دوسری جانب امریکی محکمہ خارجہ نے وزیراعظم پاکستان عمران خان کی جانب سے اپنی حکومت کے خلاف بیرون ملک سے آنے والے ’دھمکی آمیز خط‘ سے متعلق کہا ہے کہ ’ان الزامات میں کوئی صداقت نہیں‘۔محکمہ خارجہ کے ترجمان نے انڈپینڈنٹ اردو کی جانب سے بھیجے گئے سوالنامے کے جواب میں ان الزامات کی تردید کی ہے ۔وزیراعظم عمران خان نے 27 مارچ کو اسلام آباد میں ہونے والے ایک جلسے میں کسی ملک کا نام لئے بغیر کہا تھا کہ ’ہمیں لکھ کر دھمکی دی گئی ہے‘۔برطانوی اخبار انڈیپینڈنٹ کی اردو ویب سائٹ کے مطابق اخبار کی جانب سے بھجوائے گئے سوالنامے کے جواب میں امریکی محکمہ خارجہ نے کہا ہے کہ ان الزامات میں کوئی صداقت نہیں ہے۔