کراچی(این این آئی)پاکستان میں لکی موٹرز کمپنی نے پہلی یورپیئن ایس یو وی پیوجو گاڑی کو متعارف کروادیا ہے۔لکی موٹر کمپنی کی نئی گاڑی پاکستان میں متعارف کرانے کی تقریب پورٹ قاسم انڈسٹریل زون میں منعقد کی گئی جس میں ایس یو وی کیٹیگری میں پیوجو کے دو ماڈل متعارف کروائے گئے ہیں۔
گاڑیاں بنانے والی دنیا کی معروف کمپنی پیوجو پاکستان میں اپنے پارٹنر لکی موٹر کارپوریشن کے ذریعے آپریشنز کا آغاز کررہی ہے۔لکی موٹرز کی کمپنی یورپیئن ماڈل پاکستان میں ہی تیار کرے گی جبکہ کمپنی کا پاکستان کے صارفین کے لئے آگے چل کر الیکٹرک کار بھی لانچ کرانے کا منصوبہ ہے۔کمپنی نے پاکستان میں پہلی بار 1200 سی سی ایس یو وی 2008 کے نام سے متعارف کرائی ہے جس میں آئی کاپٹ کی خصوصیات بھی شامل ہیں۔اس گاڑی میں جدید ترین ڈیجیٹل کلسٹراور ٹچ اسکرین کے ساتھ ایک انٹیریئرڈیزائن موجود ہے جو ڈرائیونگ کے تجربے کو خوشگوار بناتا ہے۔یہ گاڑی طاقتور ہونے کے ساتھ ساتھ کارکردگی میں بھی بہترین ہے جبکہ اس گاڑی کو کار پلے، اینڈروئیڈ آٹو اوراسکرین مررنگ 3 میں ون ماڈیول میں بنایا گیا ہے۔کمپنی کے سی ای او کا دعوی ہے کہ پیوجو 1200 سی سی گاڑی ہے لیکن اس کا پاور 1800 سی سی کے برابر ہے جبکہ گاڑی 1200 سی سی ہونے کی وجہ سے پیٹرول کا لیٹر ایوریج بہت اچھا دیتی ہے۔لکی موٹرز کے سی ای او آصف رضوی کا تقریب سے خطاب میں کہاکہ پاکستان میں پہلی یورپیئن گاڑی کی تیاری شروع کردی ہے جبکہ یہ پاکستان کی تاریخ میں پہلا موقع ہے جب یورپیئن ماڈل متعارف کروایا گیا ہو۔