لاہور( این این آئی)پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کے ترجمان ذوالفقار علی بدر نے اسلام آباد میں جنرل(ر)ضیا الحق کی قبر پر جیالوں کی نعرے بازی پر مذمتی بیان جاری کردیا۔بلاول بھٹو کے ترجمان نے کہا کہ ضیا ء الحق کی قبر پر نعرے بازی اخلاقی طور پر
ایک نامناسب واقعہ تھا اوریہ نعرے بازی چند جیالوں کی جانب کی گئی۔انہوں نے کہا کہ نعرے بازی پارٹی کی کسی پالیسی کی نمائندگی نہیں اور کسی بھی کارکن کی جانب سے کوئی بھی نازیبا عمل پارٹی کا بیانیہ نہیں ہوسکتا۔ذوالفقارعلی بدر نے واضح کیا کہ پاکستان پیپلزپارٹی کسی ایسے رویوں کی قطعاًحوصلہ افزائی نہیں کرے گی۔واضح رہے کہ پاکستان پیپلزپارٹی کے قافلے کی منگل 8 مارچ کو اسلام آباد آمد پر کچھ جیالے فیصل مسجد کے احاطے میں سابق صدر ضیا الحق کی قبر پر پہنچے اورنعرے بازی کی جس پر سابق صدر کے صاحبزادے اعجازالحق نے معافی کا مطالبہ کیا تھا۔اعجاز الحق کا کہنا تھا کہ کرائے کے لوگ لاکر ان کے والد کی قبر کی بے حرمتی کی گئی،لاڑکانہ میں بھی ایسی ہی صورت حال ہوسکتی ہے اور (ن)لیگ کوبھی پیپلزپارٹی کے رویے پر سوچنا چاہیے۔۔