لاہور( این این آئی)جہانگیر ترین گروپ نے واضح اعلان کیا ہے کہ مائنس بزدار پر ہی حکومت سے بات آگے بڑھے گی،پانچ رکنی کمیٹی کو وفاقی وزیر پرویز خٹک کا پیغام پہنچا ہے جس پر ہم نے مشاورت کی ہے ۔ جہانگیر ترین گروپ کے اراکین کا ہنگامی اجلاس عون چوہدری کی رہائشگاہ پر ہوا جس میں جہانگیر ترین نے ویڈیو لنک کے ذریعے شرکت کی،
اجلاس میں موجودہ سیاسی صورتحال پر تفصیلی مشاورت کی گئی۔اجلاس کے بعد نیوز کانفرنس کرتے ہوئے گروپ کے رکن و صوبائی وزیر نعمان لنگڑیال نے کہا کہ اجلاس میں ہماری پانچ رکنی کمیٹی کو وفاقی وزیر پرویز خٹک کا پیغام پہنچا جس پر ہم نے مشاورت کی۔ہم جہانگیر ترین کی قیادت میں متحد ہیں، گروپ نے تمام فیصلوں کا اختیار جہانگیر ترین کو دیدیا ہے وہ جو فیصلہ کریں گے سب کو قبول ہوگا لیکن گروپ کا ہر ایک رکن اس بات پر متفق ہے کہ مائنس بزدار پر ہی حکومت سے بات آگے بڑھے گی۔انہوں نے کہا کہ علیم خان کل ہی ہمارے گروپ میں شامل ہوئے ہیں، انہیں بتایا ہے کہ وہ جہانگیر ترین کے فیصلوں کے پابند ہوں گے، تمام اختیارات جہانگیر ترین کے پاس ہیں اور ان کے فیصلے سے کسی کو اختلاف نہیں ہوگا۔انہوںنے کہا کہ ہم مینڈیٹ لے کر آئے ہیں، ہم قوم اور پی ٹی آئی کے لیے اچھا سوچ رہے ہیں، گروپ میں کوئی بغاوت اور کوئی رکاوٹ نہیں ہے۔نعمان لنگڑیال نے کہا کہ ہمارے ساتھ مختلف سیاسی جماعتوں نے رابطہ کیا ہے، جو جماعتیں ہم سے رابطے میں ہیں ان کے معاملات دیکھ رہے ہیں اور رابطے جاری ہیں۔انہوں نے کہا کہ کل بھی ہمارا اہم اجلاس ہے جس میں ہم موجودہ حالات اور بدلتی ہوئی صورتحال کو مدنظر رکھتے ہوئے مستقبل کے فیصلے کریں گے۔گروپ کی جانب سے وزارت اعلی کے امیدوار کا نام سامنے لائے جانے سے متعلق سوال پر انہوںنے کہا کہ اس حوالے سے ابھی کوئی فیصلہ قبل از وقت ہوگا،جہانگیر ترین کے منہ سے جو بھی نام نکلے گا اس پر کوئی اختلاف نہیں ہوگا۔۔انہوںنے کہا کہ جہانگیر ترین گروپ ایک بے لوث گروپ ہے، یہ ایک بہت مضبوط اتحاد ہے، تمام ممبران جہانگیر ترین کے فیصلوں پرآمین کہیں گے۔