اسلام آباد (این این آئی) وزیراعظم عمران خان سے استعفیٰ لینے کیلئے کراچی سے نکلا پیپلز پارٹی کا عوامی مارچ اسلام آباد میں اپنی منزل ڈی چوک پہنچ گیا۔ پیپلز پارٹی کا لانگ مارچ بلاول بھٹو زرداری کی قیادت میں ڈی چوک پہنچا،ڈی چوک پر موجود پیپلز پارٹی کے کارکنوں نے بلاول بھٹو کا استقبال کیا۔
اس موقع پر بلاول بھٹو نے کہا کہ لاکھوں کا یہ سمندر ، قوم کا ترجمان ہے ، لاکھوں کا سمندر عمران خان سے اقتدار چھیننے کیلئے اسلام آباد پہنچا ہے۔علاوہ ازیں چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے بتایا کہ عمران خان کا غیر ملکی سازش کا بیان ان کی مایوس ذہنیت کا مظہر ہے ، ان کے پاس اب اپنی نااہلی کے جواز میں کرنے کو کوئی بات نہیں بچی ہے، اب ان کی جماعت ایک غیر جمہوری شخص سے جمہوری انتقام لے گی۔قبل ازیں پاکستان پیپلز پارٹی کے عوامی مارچ کے قافلے کو اسلام آباد پولیس نے ٹی چوک پر روک لیا تھا جس کے بعد بلاول بھٹو بھی راستے میں رک گئے تھے۔اطلاعات کے مطابق جس کنٹینر پر بلاول بھٹو سوار تھے اس سے پیچھے موجود گاڑیوں کو مختلف مقامات پر رکاوٹیں لگا کر روکا گیا تھا تاہم اب بلاول کی قیادت میں قافلہ ڈی چوک پہنچ چکا ہے۔