لاہور( این این آئی) پنجاب حکومت کے مختلف محکموںکے پراجیکٹ ملازمین کے پے سکیل اور تنخواہ میں سالانہ اضافے کا طریق کار وضع کر دیا گیا جس کے مطابق ایک سے 12تک پے سکیل ترتیب دئیے گئے ہیں ۔پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ بورڈ نے فیصلے سے متعلق تمام سیکرٹریز ،ڈپٹی کمشنرز
، آئی جی پنجاب ،بورڈ آف ریو نیو اوردیگر متعلقہ افسران کو مراسلہ ارسال کر دیا ہے ۔بتایا گیاہے کہ فیصلے کے مطابق تین کیٹگریز بنائی گئی ہیں جس کے مطابق بالترتیب، پانچ، آٹھ اور دس فیصد تک تنخواہوںمیں اضافہ کیا جائے گا ۔اس سے پہلے پراجیکٹ ملازمین کے پے سکیل اور تنخواہوںمیں اضافے کے حوالے سے ابہام رہا ہے کیونکہ محکموں کے پاس اس حوالے سے کوئی یونیفکیشن فارمولہ موجود نہیں تھاجس کے تحت تنخواہ دے دی جا سکیں اور ہر محکمہ پراجیکٹ ملازمین کو اپنی مرضی کے مطابق تنخواہوں کی ادائیگی کرتا تھا۔کابینہ کمیٹی میں بھی یہ معاملہ زیر بحث آیا تھا اور اس کی سفارشات پر عملدرآمد کرتے ہوئے پی اینڈ ڈی نے باضابطہ طریق کار طے کر کے تمام افسران کو آگاہ کر دیا ہے ۔