پشاور (این این آئی) آئی جی پولیس خیبر پختون خوا معظم جاہ انصاری نے کہا ہے کہ دہشتگرد ایک تھا، پیدل آیا تھا،پہلے پولیس اہلکاروں کو نشانہ بنایا، پھر مسجد میں داخل ہوکر پہلے فائرنگ کی پھردھماکا کیا۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انسپکٹر جنرل (آئی جی) پولیس خیبرپختونخوا معظم جاہ انصاری نے
کہاکہ ایک حوالدار اور ایک کانسٹیبل ڈیوٹی پر موجود تھے، دہشتگرد ایک تھا اور پیدل آیا تھا، دہشتگرد نے دونوں پولیس اہلکاروں کو نشانہ بنایا، ایک شہید اور دوسرا زخمی ہوا۔انہوں نے کہاکہ دہشتگرد پولیس اہلکاروں کو نشانہ بناکر مسجد کی طرف بھاگا، پولیس اہلکار مسجد سے20، 25 گز کے فاصلے پر موجود تھے، دہشتگرد نے مسجد میں داخل ہوکر پہلے فائرنگ کی پھردھماکا کیا۔آئی جی نے کہاکہ دہشتگرد نے مسجد کی تیسری صف میں دھماکا کیا، دہشتگرد نے کالا لباس شاید اس لیے پہنا تھا کہ مسجد میں داخلے میں آسانی ہو، واقعہ کی جگہ سے ڈیڑھ سو بال بیئرنگ ملے ہیں جبکہ دھماکا خیرمواد 5 سے 6کلوتھا اورانتہائی خوفناک تھا جبکہ دھماکے سے متعلق کوئی پیشگی اطلاع نہیں تھی۔