کیف (این این آئی)یورپ کے سب سے بڑے جوہری پلانٹ میں روسی بمباری سے آگ لگ گئی۔میڈیا رپورٹ کے مطابق روس کی مبینہ شیلنگ سے یوکرین کے شہر اینیرہوڈر میں واقع ملک کے سب سے بڑے جوہری پلانٹ کی عمارت میں آگ لگ گئی جس سے پلانٹ کو شدید خطرہ لاحق ہے۔
یورپ کے سب سے بڑے نیوکلیئر پاور پلانٹ پر حملے نے اس خدشات کو جنم دیا ہے کہ تباہ شدہ پاور سٹیشن سے تابکاری کا اخراج ہو سکتا ہے۔یوکرینی وزیرخارجہ نے کہا ہے کہ انربودار کے جوہری پلانٹ میں دھماکہ ہوا تو چرنوبل سے 10 گنا زیادہ تباہی ہوگی۔یوکرین کے صدر ولادومیر زیلنسکی نے کہا کہ روس کے علاوہ کسی بھی ملک نے کبھی جوہری توانائی کے یونٹوں پر گولہ باری نہیں کی ہے۔یہ ہماری تاریخ میں پہلی بار ہوا ہے، دہشت گرد ریاست نے اب جوہری دہشت گردی کا سہارا لیا۔عالمی جوہری توانائی ایجنسی(آئی اے ای اے) کے حکام نے کہا ہے کہ جوہری پلانٹ پرروس کے حملے اورآگ لگنے سے متعلق یوکرینی حکام سے رابطے میں ہیں۔دوسری جانب امریکا کی وزیرتوانائی جینفرگرینہونے کہا ہے کہ یوکرین میں جوہری پلانٹ کومحفوظ طریقہ کاراورضابطوں کے تحت بند کردیا گیا ہے۔