اسلام آباد (این این آئی)پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما اور رکن قومی اسمبلی قادر پٹیل نے پی ٹی آئی کے وزراء کے سندھ میں مارچ پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ کچھ نوسرباز سندھ کے عوام کو ٹھگنے کی ناکام کوشش کر رہے ہیں، جب عمران خان جیسے نالائق وزیراعظم بنتے ہیں تو علی زیدی جیسے ٹھگ وزیر بنتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ شاہ محمود قریشی کو چاہیے کہ اپنی زبان کو کنٹرول میں رکھیں ورنہ ہم بھی تاریخ کے طلب علم ہیں اور قریشی صاحب کو ان کی تاریخ یاد دلائی تو شکایت ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ اسد عمر کے والد کی تاریخ حمودالرحمن کمیشن رپورٹ میں درج ہے۔ قادر پٹیل نے کہا کہ عمران خان نے سندھ کے ساتھ جو ناانصافیاں کی ہیں عوام کو اچھی طرح یاد ہیں۔ اس لئے شاہ محمود قریشی، اسد عمر اور علی زیدی جیسے نوسرباز سندھ کے عوام کو گمراہ نہیں کر سکتے۔