اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک)یوکرین میں پاکستان کے سابق سفیر اطہر عباس کا کہنا ہے کہ وزیر اعظم کے دورے کا وقت درست نہیں ہے۔نجی ٹی وی پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے میجر جنرل (ر) اطہر عباس نے کہا کہ یہ دورہ پہلے سے طے تھا مگر اُس کے بعد حالات میں تبدیلی آئی ہے۔انہوں نے کہا کہ خدشہ یہ ہے کہ اس دورے سے مغربی ملکوں میں بہت زیادہ منفی پیغام اور سگنل نہ جانا شروع ہو جائیں۔
دوسری جانب روس کے صدر ولادیمیر پیوٹن کی جانب سے یوکرین پر حملے کے اعلان کے بعددارالحکومت کیف سمیت یوکرین کے مختلف علاقوں میں دھماکوں کی آوازیں سنی جا رہی ہیں۔برطانوی نشریاتی ادارے کے مطابق یوکرین کے دارالحکومت کیف اور ڈونباس ریجن میں دھماکوں کی آوازیں سنی جا رہی ہیں۔رپورٹس کے مطابق یوکرین کی بلیک سی پورٹ اڈیسہ پر دھماکے سنےگئے ہیں جبکہ مشرقی یوکرین کے علاقے ماریوپول بھی دھماکوں سے گونج اٹھا ہے۔خبر ایجنسی کے مطابق یوکرین کے دارالحکومت کیف اور خرکیف میں ملٹری کمانڈ سینٹرز پر بھی میزائل حملے کیے گئے ہیں جبکہ روسی فوج یوکرین کے علاقے ماریوپول اور اڈیسا میں پہنچ گئی ہے۔دوسری جانب روسی وزارت دفاع کا کہنا ہے کہ یوکرین کے ملٹری انفراسٹرکچر، ائیر ڈیفنس اور ائیر فورس کو نشانہ بنا رہا ہے، یوکرین کے شہروں پر میزائل اور آرٹلری سے حملہ نہیں کر رہے۔یوکرین کے وزیر خارجہ نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ روسی صدر پیوٹن نے یوکرین پر مکمل حملہ کیا ہے، یوکرین کے پرامن شہر حملوں کی زد میں ہیں۔یوکرینی وزیر خارجہ کا مزید کہنا ہے کہ یوکرین اپنا دفاع کرے گا اور جیت جائے گا، دنیا پیوٹن کو روک سکتی ہے اور اسے روکنا چاہیے، اب عمل کرنے کا وقت ہے۔