صنعا ئ(این این آئی) حوثیوں نے امریکی سفارت خانے کا ایک اور ملازم اغوا کر لیا۔میڈیارپورٹس کے مطابق یمن میں حوثی ملیشیا نے ایک بار پھر دارالحکومت صنعا میں امریکی سفارت خانے کے ملازمین کو نشانہ بنانا شروع کر دیا ہے۔ واضح رہے کہ یہ سفارت خانہ سات برس
سے بند ہے۔حوثی ملیشیا نے میڈیا پرسن عبدالرحمن سیف الشرعبی کو اغوا کر لیا۔ وہ امریکی سفارت خانے میں میڈیا اتاشی کے معاون ہیں۔حوثیوں نے گذشتہ برس اکتوبر کے وسط سے دارالحکومت صنعا میں امریکیس فارت خانے کے ملازمین کے خلاف گرفتاریوں کی مہم کا آغاز کیا تھا۔اس کے ساتھ ایران نواز ملیشیا نے سفارت خانے کی عمارت پر دھاوا بول کر وہاں کے پہرے داروں کو اپنے مسلح عناصر سے تبدیل بھی کر دیا۔ مزید یہ کہ حوثیوں نے سفارت خانے میں موجود ساز و سامان اور آلات کی بڑی تعداد کو لوٹ لیا تھا۔تاہم بین الاقوامی کوششوں سے بعد ازاں گرفتار ملازمین کی رہائی عمل میں آئی۔امریکی ذمے داران نے چند ماہ قبل اعلان کیا تھا کہ یمن کے لیے ان کے خصوصی نمائندے ٹم لینڈرکنگ کی کوششوں کے نتیجے میں امریکی سفارت خانے کے 30 یمنی ملازمین کو آزاد کر دیا گیا۔واضح رہے کہ صنعا پر حوثیوں کے قبضے کے بعد امریکی سفارت خانہ 2015 سے بند ہے۔ تاہم بعض یمنی ملازمین نے گھروں سے کام کا سلسلہ جاری رکھا۔ اسی طرح عمارت کے پہرے دار بھی اپنی ذمے داریاں انجام دیتے رہے۔