نئی دہلی(این این آئی)بھارت حجاب تنازعے کے خلاف احتجاج دنیا بھر میں پھیلنے لگا، ایرانی طلبا نے حجاب پر پابندی کے خلاف بھارتی سفارت خانے کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کیا۔میڈیارپورٹس کے مطابق طلبا نے حجاب پر پابندی کے خلاف پلے کارڈز بھی اٹھا رکھے تھے۔ جس پر بھارت میں مسلم طالبات کو انصاف فراہم کرنے کے مطالبات درج تھے۔ طلبا نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ
بھارت میں حجاب پر پابندی کے خلاف ایران مذمتی بیان جاری کرے۔واضح رہے کہ بھارتی ریاست کرناٹک کے تعلیمی اداروں میں حجاب پہننے پر پابندی عائد کر دی گئی تھی جس کے بعد ریاست میں احتجاجی مظاہرے کیے جا رہے ہیں۔ احتجاجی مظاہروں کے سبب پیدا ہونے والی کشیدگی کے باعث مختلف اضلاع میں دفعہ 144 نافذ کی گئی ہے جس کے تحت احتجاج کرنے پہ پابندی ہے۔