کراچی (این این آئی)نوری بینڈ کے معروف گلوکار علی نور نے خاتون صحافی عائشہ بنت راشد سے سوشل میڈیا پر معافی مانگ لی۔خاتون صحافی عائشہ بنت راشد نے گزشتہ روز علی نور پر جنسی ہراسانی کا الزام لگایا تھا جس کے بعد سوشل میڈیا پر علی نور کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا جارہا تھا۔
خاتون صحافی کے الزامات پر علی نور نے سوشل میڈیا کے ذریعے عائشہ بنت راشد سے معافی مانگی اور انسٹاگرام پر اسٹوری شیئر کی۔علی نور نے اپنی اسٹوری میں لکھا کہ ‘مختلف جوابات پر غور کرنے کے بعد میں اس نتیجے پر پہنچا ہوں کہ صرف درست جواب یہ ہے کہ میں بہت ‘معذرت خواہ’ ہوں۔گلوکار نے لکھا کہ ‘میں آپ کے درد کو سمجھ سکتا ہوں اسی لیے ایک بار پھر آپ سے معذرت کرنا چاہتا ہوں، میں کوئی بد نیت شخص نہیں، امید ہے کہ آپ کو میری معافی سے کچھ سکون ملے گا، باقی اللہ ملک ہے۔عائشہ بنت راشد نے انسٹاگرام پر گلوکار کے ساتھ واٹس ایپ چیٹ کے اسکرین شاٹس شیئر کیے تھے جس میں انہوں نے جنسی ہراسانی کے واقعے کا تذکرہ کیا۔