لاہور(این این آئی)مالی معاملات پرکوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی نمائندگی کرنے والے آسٹریلوی کرکٹر جیمز فالکنر زمالی معاملات پر پی ایس ایل سے دستبردار ہوگئے جبکہ پاکستان کرکٹ بورڈ اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے جیمز فالکنر زکے الزامات کو غلط قرار دیدیا ہے۔ سماجی رابطے
کی سائٹ پرآسٹریلوی پیسر نے موقف اختیار کیا ہے کہ میں پاکستان کرکٹ فینز سے پی ایس ایل سے دستبردار ہونے پر معذرت خواہ ہوں اور اگلے دو میچز میں شرکت نہیں کرسکوں گا۔پی سی بی نے میرے ساتھ کیے گئے وعدے کی پاسدار نہیں کی۔میں پی ایس ایل کے تمام میچز کے لیے یہاں آیا تھا اور پاکستان میں انٹرنیشنل کرکٹ کی واپسی میں مدد کرنا چاہتا تھا لیکن مالی معاملات کے حوالے سے منتظمین کے رویے سے تکلیف پہنچی۔میرے ساتھ غلط برتاؤ ہوا، میرے ساتھ جو برتا ؤکیا گیا ہے وہ عزت دینے والا نہیں۔ پی ایس ایل چھوڑنے کے لیے تکلیف ہورہی ہے۔پاکستان میں بہترین نوجوان ٹیلنٹ موجود ہے اور کرکٹ فینز شاندار ہیں۔ مجھے یقین ہے کہ آپ سب میری پوزیشن کو سمجھیں گے۔دوسری جانب پاکستان کرکٹ بورڈ اور پاکستان سپر لیگ فرنچائز کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے کھلاڑی جیمز فالکنر زکے الزامات کو غلط قرار دیدیا ہے۔پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری کئے گئے پیغام میں کہا گیا ہے کہ پی سی بی اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے جیمز فالکنر کے جھوٹے اور گمراہ کن الزامات کا نوٹس لے لیا ہے اور ان الزاما ت پر بہت افسوس ہے۔ جلد ہی اس معاملے پر تفصیلی بیان جاری کیا جائے گا۔