کراچی(این این آئی)کراچی سینٹرل کے علاقے سرسید ٹاون میں ڈکیتی کی واردات کے دوران نوعمر طالب علم اسامہ کو قتل کرنے والے 2 ملزمان کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔دونوں گرفتار ملزمان گزشتہ رات شفیق موڑ پر پولیس مقابلے
میں زخمی ہوئے تھے۔ملزمان نے دورانِ تفتیش انکشاف کیا ہے کہ زخمی ملزمان عبدالرحیم اور سمیع اللہ نے اپنے ساتھیوں سلمان اور ہلال کے ساتھ مل کر ڈکیتی کے دوران اسامہ نامی طالب علم کو قتل کیا تھا۔سینئر سپرنٹنڈنٹ پولیس سینٹرل معروف عثمان کے مطابق ملزم عبدالرحیم نے ہی اپنے پستول سے اسامہ کو دورانِ ڈکیتی گولی مار کر قتل کر دیا تھا۔دوسرا ملزم سمیع اللہ اس وقت موٹر سائیکل چلا رہا تھا جبکہ تیسرا ملزم سلمان موٹر سائیکل پر بیچ میں بیٹھا تھا۔ملزمان نے انکشاف کیا کہ واردات کے لیے اسلحہ گرفتار ملزم ہلال سے لیا تھا، ملزم عبدالرحیم سے برآمد ہونے والا اسلحہ دورانِ ڈکیتی اسامہ کو قتل کر نے میں استعمال ہوا۔پولیس کی جانب سے گرفتار ملزم سے برآمد ہونے والا پسٹل فارنزک معائنے کے لیے روانہ کر دیا گیا ہے۔تمام گرفتار ملزمان رشید آباد کے رہاشی ہیں، ملزمان کی واردات کے دوران سی سی ٹی وی فوٹیج بھی حاصل کرلی گئی ہے، مزید تفتیش جاری ہے۔