اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک/این این آئی )کراچی کے علاقے نارتھ ناظم آباد فائیو اسٹار چورنگی کے قریب کار پر فائرنگ سے سماء کے سینیئر پروڈیوسر اطہر متین جاں بحق ہوگئے۔پولیس کا کہنا ہے کہ ابتدائی معلومات کے مطابق واقعہ ڈکیتی کے دوران پیش آیا جبکہ
واقعہ کے حوالے سے تحقیقات جاری ہیں۔ریسکیو حکام کے مطابق اطہر متین کی لاش سیفی اسپتال منتقل کر دی گئی ہے۔ پولیس حکام کا کہنا ہے کہ ڈکیتی مزاحمت سے متعلق فی الحال کچھ کہنا قبل از وقت ہے کیونکہ اطہر متین سے کوئی قیمتی چیز نہیں چھینی گئی ہے۔دوسری جانب پولیس نے صحافی اطہر متین قتل کیس میں ڈاکوؤں کی موٹر سائیکل کا سراغ لگا لیا، موٹر سائیکل بلوچستان سے خرید گئی۔تفصیلات کے مطابق صحافی اطہر متین بہیمانہ قتل کیس میں پولیس نے ڈاکوں کی موٹر سائیکل کا پتہ لگالیا، تفتیشی حکام نے بتایا کہ موٹر سائیکل بلوچستان کے علاقے خضدار سے خرید گئی۔تفتیشی حکام کا کہنا تھا کہ موٹر سائیکل 2020 میں خریدی گئی جو محمد جہانگیر کے نام پر ہے، موٹرسائیکل 125سی سی ہے مگر دستاویز میں 70سی سی سامنے آئی۔حکام کے مطابق موٹر سائیکل کے چیچز میں ردو بدل کی گئی ہے، جس شخص کی موٹر سائیکل چھینی گئی اس کی تلاش جاری ہے۔