اسلام آباد (این این آئی)آئی ایم ایف کے تحفظات اور بجلی کی قیمتوں میں بے تحاشا اضافے کے باوجود پاور سیکٹرکے گردشی قرضوں کا نیا ریکارڈ بن گیا ہے،تحریک انصاف کی حکومت کے چالیس ماہ میں گردشی قرضوں میں 1328ارب روپے کا اضافہ ہوچکا ہے۔ ذرائع کے
مطابق آئی ایم ایف کے تحفظات اور بجلی قیمتوں میں بھاری اضافہ کے باوجود پاور سیکٹرکے گردشی قرضوں کا نیا ریکارڈ بن گیا ہے۔ذرائع کے مطابق پاور سیکٹر کے گردشی قرضوں کے سارے رکارڈ ٹوٹ گئے، موجودہ حکومت کے40 ماہ میں سرکلر ڈیٹ ایک ہزار328 ارب روپے بڑھا۔ ذرائع نے بتایاکہ سرکلر ڈیٹ ملکی تاریخ کی بلند ترین سطح 2 ہزار 476 ارب روپے پر پہنچ گیا،جولائی تا دسمبر2021 گردشی قرضہ 196 ارب روپے بڑھا۔ ذرائع نے بتایاکہ جولائی تا دسمبر سرکلر ڈیٹ میں ماہانہ اوسط ساڑھے32ارب روپے اضافہ ہوا۔ ذرائع کے مطابق اگست2018 میں سرکلر ڈیٹ کا حجم ایک ہزار 148ارب روپے تھا،دسمبر2021 تک پاور سیکٹر کا سرکلر ڈیٹ 2 ہزار476 ارب روپے ہوگیا۔ ذرائع کے مطابق جون2021 تک سرکلر ڈیٹ کا حجم 2 ہزار 280 ارب روپے تھا، ذرائع کے مطابق قیام پاکستان سے اگست 2018 تک گردشی قرضہ ایک ہزار 148 ارب روپے تھا۔