ابوظبی(این این آئی)متحدہ عرب امارات میں حکام نے دارالحکومت ابوظبی میں داخلے کی احتیاجات کے بارے میں نیا حکمنامہ جاری کرتے ہوئے کہاہے کہ رہائشیوں اور شہریوں
کے علاوہ ویکسین لگوانے والے سیاحوں کوابوظبی میں داخل ہونے کے لیے اضافی تقویتی خوراک کا ثبوت دکھانے کی ضرورت نہیں ہے۔میڈیارپورٹس کے مطابق ابوظبی کی حکومت نے ایک بیان میں کہاکہ داخلے کے خواہش مند تمام شہریوں اوررہائشیوں کواب ویکسین کی دونوں خوراکوں کے علاوہ تیسری تقویتی خوراک کا ثبوت بھی دکھانا ہوگااوران کا صحت کی سرکاری ایپ پرگرین اسٹیٹس برقرار ہونا چاہیے۔ابوظبی کی سیاحتی ویب سائٹ نے یہ وضاحت بھی کی کہ اس نئے قاعدہ کا بین الاقوامی زائرین اور سیاحوں پراطلاق نہیں ہوتا۔اگر انھیں دونوں خوراکیں لگ چکی ہیں تو وہ امارت میں داخل ہوسکتے ہیں۔تمام زائرین،خواہ وہ رہائشی ہوں یا سیاح، انھیں دارالحکومت اور اس کے عوامی مقامات بشمول مالوں اور جم میں داخلے کے لیے گذشتہ دوہفتے کے اندر کیے گئے کروناوائرس کے ٹیسٹ کا منفی نتیجہ بھی پیش کرنا ہوگا۔