ممبئی (این این آئی)بالی ووڈ کی لیجنڈری گلوکارہ لتا منگیشکر کے ترجمان نے کہا ہے کہ وہ ابھی بھی انتہائی نگہداشت وارڈ (آئی سی یو) میں داخل ہیں، گلوکارہ کی
صحت سے متعلق گردش کرتی جھوٹی خبروں پر یقین نہ کریں۔بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق لتا منگیشکر رواں ماہ 8 جنوری کو کورونا وائرس کا شکار ہوگئی تھیں جس کے بعد انہیں فوری طور پر ممبئی کے بریچ کینڈی اسپتال میں علاج کے لیے داخل کرایا گیا تھا۔ جب سے لتا منگیشکر کو اسپتال میں داخل کیا گیا ہے، ان کی صحت کے بارے میں کئی افواہیں گردش کر رہی ہیں لیکن حال ہی میں اْن کے ترجمان کی جانب سے جاری کردہ ایک بیان کے مطابق، لیجنڈ گلوکارہ آئی سی یو میں زیرِ علاج ہیں، بیان میں ان کے خیر خواہوں کو بھی خبردار کیا گیا کہ وہ افواہوں پر یقین نہ کریں۔لتا منگیشکر کی ٹیم نے اپنے بیان میں کہا کہ ’ایک مخلصانہ اپیل، براہ کرم! کسی جھوٹی خبر پر یقین نہ کریں، لتا جی آئی سی یو میں زیر علاج ہیں جن کا علاج ڈاکٹر پریت صمدانی اور ان کی ڈاکٹروں کی ٹیم کر رہی ہے۔ گلوکارہ کی جلد صحت یابی اور گھر واپسی کے لیے دعا کریں۔‘