لاہور( این این آئی)وزیراعلی پنجاب سردار عثمان بزدار نے مری کو ضلع کا درجہ دینے کی منظوری دے دی۔وزیراعلی پنجاب نے سانحہ مری کی تحقیقاتی کمیٹی کی سفارشات کی روشنی میں مختلف اقدامات کا حکم دیا ہے۔مری کو آئندہ
مالی سال میں باضابطہ ضلع کا درجہ دیا جائے گا۔ عثمان بزدار نے مری میں محکمہ موسمیات کے دفتر کے قیام کی بھی منظوری دی ہے، پنجاب اس ضمن میں وفاق اور متعلقہ وزارت کے ساتھ ملکر اقدامات کرے گا۔تحقیقاتی کمیٹی نے گائیڈ مری کے نام سے سیاحوں کے لئے ایپ کی بھی سفارش کی ہے۔ کمیٹی کی جانب سے جدید مشینری کی خریداری کی سفارش پر وزیر اعلی نے متعلقہ محکموں کو مشینری کی خریداری کے لئے اقدامات کی ہدایت کر دی ہے ۔ تحقیقاتی کمیٹی نے مری میں ٹریفک کی انٹری اور اخراج کے لئے آٹو میٹڈ سسٹم لگانے کی سفارش بھی کی ہے۔کمیٹی نے مری میں وارننگ سسٹم کے لئے اقدامات کی بھی سفارش کر دی جس میں کہا گیا کہ سیاحوں کو خطرناک موسم اور ٹریفک کے بہا ئوسے آگاہ رکھا جائے۔ کمیٹی کی سفارش پر وزیراعلیٰ پنجاب نے مری میں غیر قانونی تجاوزات کے خلاف آپریشن کے لئے بھی ہدایات جاری کر دی ہیں۔