مری(مانیٹرنگ ڈیسک ، این این آئی)مری، گلیات اور آزاد کشمیر میں شدید موسمی صورتِ حال کے پیش نظر وارننگ جاری کردی گئی،نجی ٹی وی کے مطابق مری اور گرد و نواح میں آج رات طوفان اور شدید برف باری کا امکان ہے، انتظامیہ نے گاڑیوں کے داخلے پر بھی
پابندی عائد کردی ہے۔ملکہ کوہسار مری کی انتظامیہ نے شہریوں کو گھروں سے باہر نہ نکلنے کی ہدایت کردی۔مری میں شدید برفباری کے بعد راولپنڈی اور اسلام آباد کی ضلعی انتظامیہ نے گاڑیوں کا مری میں داخلہ بند کردیا ہے، جبکہ مری میں آج رات تیز ہواؤں کے ساتھ برفباری کا الرٹ بھی جاری کردیا گیا ہے۔نوٹیفکیشن کے مطابق اسلام آباد سے مری میں گاڑیوں کا داخلہ اتوار کی رات 9 بجے تک بند رہے گا۔دوسری جانب مری میں کل اتوار کو موسم صاف ہونے کاامکان ہے ۔چیف میٹرولوجسٹ سردار سرفراز کے مطاقب مری اور گردو نواح میں بادل چھائے رہیں گے، ہلکی بارش رات گئے تک جاری رہنے کے بعد کل اتوار کو موسم صاف ہونے کا امکان ہے۔سردار سرفراز کا کہنا ہے کہ مری، گلیات اور بالائی علاقوں میں بادل موجود ہیں اور اس کے نتیجے میں ہلکی برفباری اور درمیان بارش ہو سکتی ہے۔محکمہ موسمیات کے مطابق مری میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 17 انچ تک برف پڑ چکی ہے اور 3 جنوری سے اب تک 32 انچ برفباری ریکارڈ کی جا چکی ہے۔