اسلام آباد (این این آئی)مشیر برائے تجارت عبدالرزاق داؤد نے کہا ہے کہ وسطی ایشیائی ریاستوں کو پاکستانی برآمدات میں اضافہ ہورہا ہے،وزارت تجارت کے سلک روٹ ری کنیکٹ انشیٹیو کے نتائج سامنے آنا شروع ہوگئے ہیں۔ جمعہ کو یہاں ایک بیان انہوں نے کہا کہ رواں مالی سال
وسطی ایشیائی ریاستوں کو پاکستانی برآمدات میں 173 فیصد کا اضافہ ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ مالی سال جولائی تا دسمبر وسطی ایشیائی ریاستوں کو 49 ملین ڈالر کی برآمدات ہوئی تھیں جبکہ رواں مالی سال برآمدات 134 ملین ڈالر کی ریکارڈ کی گئیں ہیں انہوں نے کہا کہ سال 2021 میں سرمایہ کاری و تجارت کے حوالے سے ازبکستان اور تاجکستان میں کانفرنسز کا انعقاد کیا گیا۔ ان کانفرنسوں میں دوطرفہ طور پر بینکوں کی برانچز کھولنے پر بھی بات ہوئی تھی جبکہ پاکستان ازبکستان ٹرانزٹ ٹریڈ معاہدہ پر سال 2021 میں دستخط بھی کیے گئے۔ انہوں نے کہا کہ ازبکستان، افغانستان اور آزر بائیجان کے ساتھ پریفرینشل ٹریڈ معاہدوں (پی ٹی اے )پر بات چیت جاری ہے۔ انہوں نے کہا کہ آذر بائیجان، افغانستان،قزاخستان اور تاجکستان ساتھ بھی ٹرانزٹ ٹریڈ معاہدہ پر بات چیت مکمل ہوچکی ہے۔ ٹرکوں کی آمدورفت کیلئے بھی ہم ایڈوانس اسٹیج پر ہیں۔