اسلام آباد (آن لائن)پاکستان کا دفاع مضبوط سے مضبوط تر کی جانب سے گامزن، پاک فضائیہ ملکی فضاؤں کو ناقابل تسخیر بنانے کے لیے پرعزم ، ذرائع کا کہنا ہے کہ پاک فضائیہ آئندہ سال “جے 10 سی” طیارے فضائی بیڑے میں
شامل کرے گی جبکہ پاکستان اور چین کے مابین لڑاکا طیاروں کی خریداری بارے تمام معاملات طے پا گئے ہیں، ذرائع کے مطابق چینی ساختہ جدید ترین “جے 10 سی” طیاروں کی شمولیت سے ملکی فضائی دفاع کئی گنا مضبوط ہو گا، چین کا تیار کردہ “جے 10 سی” سنگل انجن، ڈیلٹا ونگز کا حامل جدید لڑاکا طیارہ ہے، جو کہ جدید ترین اییسا ریڈار کی بدولت بیک وقت کئی اہداف کی نشاندہی کر سکتا ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ یہ طیارہ پی ایل 15 میزائلوں سے لیس، 200 کلومیٹر تک اہداف کو نشانہ بنا سکتا ہے۔ پاک فضائیہ کی ضروریات کے مطابق “جے 10 سی” طیارے میں کئی نئے فیچرز متعارف کروائے گئے ہیں۔ “جے 10سی” طیارہ پاک، چین مشترکہ مشق شاھین میں بھی حصہ لے چکا ہے۔