لاہور (مانیٹرنگ، آن لائن) 15 دسمبر سے 16 جنوری تک تعلیمی ادارے بند کرنے کا امکان ہے، آج وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود کی زیر صدارت بین الصوبائی وزرائے تعلیم کانفرنس ہونا تھی جس میں چھٹیوں کا فیصلہ ہونا تھا لیکن اچانک یہ کانفرنس ملتوی کر دی گئی ہے، وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود کی زیر صدارت ہونے والی بین الصوبائی وزرائے تعلیم کانفرنس اچانک ملتوی کردی گئی۔
بتایا گیا ہے کہ یہ کانفرنس پیر کے دن منعقد ہونا تھی جس میں ملک بھر میں سموگ کی شدت میں اضافے کے باعث ملک بھر کے تعلیمی اداروں کو 15 دسمبر سے 16 جنوری 2022ء تک بند کئے جانے کا فیصلہ کیا جانا تھا۔ لیکن وزرائے تعلیم کانفرنس منعقد نہ ہونے کی وجہ سے سکولوں کی چھٹیاں بھی التواء کا شکار ہوگئی ہیں۔ جیسے ہی کانفرنس ہو گی تو چھٹیوں کے بارے میں حتمی اعلان ہو جائے گا۔