لاہور (مانیٹرنگ ڈیسک ، این این آئی)کرتارپور میں بابا گرونانک کی سالگرہ کی تقاریب جاری ہیں۔ گزشتہ روز بھٹنڈہ یونیورسٹی کی چانسلر ڈاکٹر نیلم اگریوال سمیت 28 سکھ یاتریوں نے دربار پر حاضری دی۔آج بھارتی وزیراعلیٰ پنجاب
چرن جیت سنگھ، صدر پنجاب کانگریس کمیٹی نوجوت سنگھ سدھو اور ڈپٹی وزیراعلیٰ سمیت ایک سو گیارہ یاتری کرتارپور راہداری کے ذریعے پاکستان آئیں گے۔سی ای او کرتارپور راہداری محمد لطیف کا کہنا ہے کہ کورونا ٹیسٹ کے بعد یاتریوں کو دربار لایا جائے گا۔علاوہ ازیں وزیر اوقاف سید سعید الحسن شاہ نے کہا کہ بابا گورونانک کا جنم دن سکھ برادری کیلئے خوشیوں بھرا تہوار ہے۔انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کی ہدایت پر سکھ برادری کے گوردواروں کی دیکھ بھال ، تزئین و آرائش اور سکیورٹی پر خصوصی توجہ دے رہی ہے۔ سکھ برادری سمیت اقلیتوں کی فلاح وبہبود حکومت کی ترجیحات میں سرفہرست ہے۔ انہوں نے کہا کہ اقلیتوں کو بنیادی حقوق کی فراہمی اور ان کے جان و مال کا تحفظ ریاست کی ذمہ داری ہے۔ پاکستان تحریک انصاف کی حکومت نے اقلیتوں کے حقوق کے تحفظ کو یقینی بنایا ہے۔