لاہور( این این آئی)مسلم لیگ (ن) کے رکن اسمبلی مرزا جاوید نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں ریکارڈ سطح پر پہنچنے کے بعد پنجاب اسمبلی کے باہر انوکھااحتجاج ریکارڈکرایا ،رکن اسمبلی 120ملی لیٹر کی پیٹرول کی بوتلیں راہگیروں میں تقسیم کرتے رہے جس کی وجہ سے عوام کا ہجوم
اکٹھاہوگیا ۔ تفصیلات کے مطابق مسلم لیگ (ن) کے رکن اسمبلی مرزاجاوید جنہوںنے سائیکل پر پنجاب اسمبلی آکر مہنگائی کے خلاف احتجاج ریکارڈ کرایا تھا گزشتہ روزاجلاس کے موقع پر پیٹرولیم کی قیمتیں ریکارڈ سطح پر پہنچنے کے خلاف انوکھا احتجاج ریکارڈ کرایا ۔ رکن اسمبلی مرزاجاوید اپنے ہمرا 120ملی لیٹر کی پیٹرول کی درجنوں بوتلیں ہمراہ لائےجو وہ پنجاب اسمبلی کے باہر موٹرسائیکل سواروں میں تقسیم کرتے رہے جس کی وجہ سے ہجوم اکٹھا ہو گیا ۔ اس موقع پر پولیس کی جانب سے رکن اسمبلی کو روکنے کی کوشش کی گئی تاہم وہ پیٹرول کی بوتلیں تقسیم کرتے رہے ۔ مرزا جاوید نے کہا کہ آئندہ لوگ کسی کے گھرجائیں تو تحفے کے طو رپر کیک یا مٹھائی نہیں بلکہ پیٹرول لے کر جائیں ۔موجود ہ حکومت میں مہنگائی نے لوگوں کا برا حال کردیا ہے ،حکومت پیٹرول کی قیمت کم کرے ورنہ لوگ پیٹرول تحفے کے طو رپر لے کر جائیں گے ۔