تل ابیب (این این آئی )اسرائیلی وزیر خارجہ یائر لپید تاریخ ساز دورے پر بحرین کے دارالحکومت منامہ پہنچ گئے ۔ بحرین اور اسرائیل کے درمیان گزشتہ سال سفارتی تعلقات کے قیام کے بعد یہ کسی اسرائیلی وفاقی وزیر کا پہلا دورہ بحرین ہے۔
میڈیارپورٹس کے مطابق اسرائیلی وزیر خارجہ دورہ بحرین کے دوران منامہ میں اسرائیل کے سفارتخانے کا افتتاح اور اپنے بحرینی ہم منصب سے ملاقات کریں گے۔اسرائیلی وزارت خارجہ کے ایک ترجمان کے مطابق اسرائیل کے چوٹی کے سفارتکار اس دورے کے دوران پانچ مختلف معاہدوں پر دستخط کریں گے جن میں ہسپتالوں، پانی اور بجلی کی پیداوار میں باہمی تعاون کے معاہدے شامل ہیں۔ترجمان کے مطابق بحرین معیشت اور ٹیکنالوجی کے میدان میں اسرائیل سے خصوصی تعاون چاہتا ہے اور وزیر خارجہ کے دورہ منامہ کے دوران ان شعبوں میں تعاون کے منصوبوں پر بھی دستخط کئے جائیں گے۔اسرائیل اور بحرین کے درمیان اب تک 12 منصوبوں پر دستخط کر چکے ہیں جن میں ٹرانسپورٹ، زراعت، ابلاغیات اور معیشت میں تعاون شامل ہے۔اس مقوع پر بحرین کی سرکاری ائیر لائن’ گلف ائیر’ جمعرات کے روز تل ابیب کے لئے پہلی اڑان بھرے گی۔بحرین اور متحدہ عرب امارات نے گزشتہ سال کے دوران امریکا کی ثالثی میں اسرائیل سے سفارتی تعلقات کے قیام کا معاہدہ کیا تھا۔اسرائیلی ترجمان کا مزید کہنا تھا کہ “ہم بحرین کو باہمی تعاون اور خطے کے دیگر ممالک سے تعلقات کے قیام کے حوالے سے اہم پارٹنر سمجھتے ہیں۔