جیکب آباد( این این آئی) وزیر اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ سندھ میں آئندہ حکومت پاکستان تحریک انصاف بنائے گی، سندھ کے عوام کی تکالیف کا احساس ہے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جیکب آباد سے تعلق رکھنے والے پاکستان تحریک انصاف کے صوبائی رہنما میر راجا خان جکھرانی سے ملاقات کے دوران کیا۔ اس موقع پر گورنر سندھ عمران اسماعیل، وفاقی وزیر علی زیدی، ارباب غلام رحیم، لیاقت جتوئی اور دیگر موجود تھے ۔ وزیر اعظم نے میر راجا خان جکھرانی کو جیکب آباد کے لئے خصوصی پیکیج دینے کی یقین دہائی کرواتے ہوئے جیکب آباد دورے کی دعوت قبول کیا اور پیکیج کا اعلان بھی جیکب آباد دورے کے دوران کیا جائے گا،اس سلسلے میں میر راجا جکھرانی نے بتایا کہ جلد وزیر اعظم عمران خان جیکب آباد کا دورہ کریں گے۔