کابل(مانیٹرنگ، این این آئی)ترجمان طالبان ذبیح اللہ مجاہد نے امریکی ٹی وی سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ عوامی مقامات پر موسیقی پر پابندی ہو گی، موسیقی اسلام میں حرام ہے، ان کا کہنا تھا کہ عوام پر دباؤ ڈالنے کی بجائے کوشش کریں گے کہ وہ ایسا نہ کریں۔ دوسری جانب ترجمان طالبان ذبیح اللہ مجاہد نے کہا ہے کہ افغانستان سے
پاکستان میں گڑ بڑ کی کوشش ہوئی تو روکیں گے، پاکستان افغانستان میں کوئی مداخلت نہیں کرتا، کابل فتح کرنے میں پاکستان کا کوئی کردار نہیں ہے۔طالبان کے ترجمان ذبیح اللّٰہ مجاہد نے اپنے ایک بیان میں کہاکہ مقبوضہ کشمیر پر بھارت کو اپنا رویہ مثبت کرنا چاہیے، بھارت کو کشمیریوں کو ان کا حق خود ارادیت دینا ہوگا، افغانستان کے عوام کشمیریوں کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں۔انہوں نے کہا کہ بھارت سمیت کسی ملک کو داخلی پالیسی میں مداخلت کی اجازت نہیں دیں گے، داعش ختم ہوچکی اس کا وجود اب افغانستان میں نہیں رہا۔ترجمان طالبان نے کہاکہ مجھے نہیں لگتااب پاکستان مخالف کوئی تنظیم افغانستان میں ہے،کسی تنظیم نے افغانستان سے پاکستان میں گڑبڑکی کوشش کی تو روکیں گے۔ذبیح اللّٰہ مجاہد نے کہاکہ سویت دور سے پاکستان کیخلاف پروپیگنڈا کیا جاتا رہا، جبکہ پاکستان افغانستان میں کوئی مداخلت نہیں کرتا، طالبان کا کابل فتح کرنے میں پاکستان کا کوئی کردار نہیں،کابل اپنیزور بازو سے فتح کیا۔ترجمان طالبان نے کہا کہ پاکستان سے تعلقات کی بنیاد پروپیگنڈے پر نہیں حقائق پر ہوگی، ہم پاکستان سے دوستانہ سفارتی اور اقتصادی تعلقات کے خواہشمند ہیں، دنیا سے اصولوں کی بنیاد پر رابطے بڑھانا چاہتے ہیں،یہ مناسب نہیں ہوگا کہ دنیاہمیں تسلیم نہ کرے۔