کابل (مانیٹرنگ ڈیسک، این این آئی )افغانستان میں کابل ایئرپورٹ پر ایک بار پھر فائرنگ کے بعد فلائٹ آپریشن بند کردیا گیا۔ غیرملکی میڈیا کے مطابق افغانستان کے دارالحکومت کابل کے حامد کرزئی انٹرنیشنل ایئر پورٹ پر ایک بار پھر فائرنگ کا واقعہ پیش آیا جس کے نتیجے
میں بھگدڑ مچ گئی اور اس دوران ایک خاتون زخمی ہوگئی۔ طالبان کابل ایئرپورٹ کے اطراف میں تعینات ہیں اور طالبان کی جانب سے کابل ایئرپورٹ کو عارضی طور پر بند کرنے کا اعلان کیا گیاہے، یاد رہے کہ گزشتہ روز بھی اس قسم کا واقعہ پیش آیا تھا جس میں 5افراد مارے گئے تھے ، دوسری جانب ترجمان افغان طالبان سہیل شاہین نے کہاہے کہ بھارت کا رونا دھونا بے سود ہے، بھارت کا رونا دھونا کرپٹ افغان حکومت ختم ہونے پر ہے۔میڈیارپورٹس کے مطابق ترجمان افغان طالبان سہیل شاہین نے اپنے بیان میں کہا کہ بھارت کو افغان عوام کی بنائی گئی حکومت کو تسلیم کرنا چاہیے، تمام ممالک کے ساتھ اچھے تعلقات چاہتے ہیں۔سہیل شاہین نے کہا کہ افغان سرزمین کسی کے خلاف استعمال نہیں ہونے دیں گے، ملا بردار قطر میں موجود ہیں، دوحہ میں بات چیت کا آپشن ختم ہوچکا ہے۔ترجمان طالبان نے کہا کہ اشرف غنی عوام کو بتائے بغیر ملک چھوڑ کر چلے گئے، افغانستان کے تمام لوگ قانون کی نظر میں برابر ہیں۔