لاہور(این این آئی ) تاجر رہنما ،آئرن و سٹیل مارکیٹس لاہور کے صدرراجہ عدیل نے کہاہے کہ آئی ایم ایف کی ایما پر اس سے قبل بھی بجلی اور گیس کی قیمتوں میں اضافہ کیا گیا تھا جس سے صنعتی شعبہ متاثر ہورہا ہے اور صنعتی شعبہ کی پیداواری لاگت میں اضافہ
سے اشیاء کی قیمتوں میں اضافہ سے ملک میں مہنگائی کا طوفان بدتمیزی برپا ہے جس سے سفید پوش، غریب عوام سمیت ہر طبقہ فکر متاثر ہورہا ہے ۔حکومت مہنگائی میں کمی کے لیے دعوے تو کررہی ہے لیکن عملی طور پر اس کے برعکس قرضوں کیلئے بیرونی اداروں کے دبائو پر بجلی و گیس کی قیمتوں میں اضافے کیے جارہے ہیں ۔ان خیالات کا اظہار انہوںنے آئرن و سٹیل مارکیٹس لاہور کے صنعتکاروں و تاجروں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔راجہ عدیل اشفاق نے کہا کہ ورلڈ بنک نے ایک ارب ڈالرز قرضے کے اجراء کو بجلی کی قیمت میں اضافے سے مشروط کردیا جبکہ آئی ایم ایف کا بھی اپنے6ارب ڈالرز کے قرضے کے پروگرام کے لیے بجلی کے نرخوں میں اضافہ کیلئے دبائو ہے ۔انہوںنے کہا کہ مہنگی بجلی کے باعث اشیاء مہنگی ہونے سے سے برآمدات میں اضافہ کا تسلسل برقرار نہیں رہ سکے گا جس سے زرمبادلہ کے ذخائر میں کمی ہوگی اس لیے ایسا کوئی اقدام نہ کیا جائے جس سے صنعتی شعبہ متاثر ہو۔