دبئی( این این آئی)انٹرنیشل کرکٹ کونسل نے کشمیر پریمئر لیگ کو منظور نہ کرنے کی بھارتی کرکٹ بورڈ کی درخواست مسترد کردی۔بی سی سی آئی اور
پاکستان کرکٹ بورڈ کے درمیان گزشتہ ہفتے اس وقت لفظی تکرار اور الزامات کا تبادلہ ہوا تھا جب یہ بات سامنے آئی تھی کہ بھارتی حکام غیر ملکی کھلاڑیوں کو کے پی ایل 2021 میں شرکت سے روک رہے ہیں۔پی سی بی کی جانب سے معاملہ آئی سی سی کے ساتھ اٹھائے جانے کا عندیہ دینے کے بعد بھارتی کرکٹ بورڈ نے کرکٹ کی عالمی گورننگ باڈی سے لیگ کو منظور نہ کرنے کی درخواست کی تھی۔بی سی سی آئی کے خط میں کشمیر کی حیثیت کو متنازعہ قرار دیا گیا تھا اور سوال کیا گیا تھا کہ کیا ایسے خطے میں میچز کھیلے جاسکتے ہیں جس کے حوالے سے دو ممالک کے درمیان تنازع چل رہا ہو۔میڈیا رپورٹ کے مطابق رابطہ کیے جانے پر آئی سی سی کے ترجمان نے کہا کہ غیر بین الاقوامی کرکٹ ہمارا دائرہ اختیار نہیں ہے اس لیے ہم اس میں ملوث نہیں ہو سکتے۔