اسلام آباد (این این آئی)وزیر اعظم عمران خان کی سفارت کاری رنگ لے آئی ،سعودی عرب کی جیلوں میں بند قیدیوں کی رہائی کا عمل جاری ہے۔تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم عمران خان کی سفارت کاری کے ثمرات آنا شروع ہوگئے سعودی عرب سے 18 قیدی منگل کو لاہور پہنچیں گے جبکہ اوورسیز پاکستانی فاؤنڈیشن نے قیدیوں کو وطن پہنچانے کے انتظامات مکمل کرلئے ہیں۔قیدی پی آئی اے کی پرواز پی کے 9248 کے ذریعے دمام سے لاہور پہنچیں گے جبکہ اوورسیز پاکستانی فاونڈیشن قیدیوں کے کورونا ٹیسٹ اور گھروں کو روانگی کا بندوبست کرے گی۔اس سے قبل 65 قیدی 20 جولائی کو اسلام آباد پہنچ چکے ہیں، وزیر اعظم نے اوورسیز پاکستانی فاؤنڈیشن کو قیدیوں کی رہائی اور بحفاظت واپس یقینی بنانے کی ہدایت دی تھی۔