لاہور (آن لائن) معروف گلوکار عارف لوہار کی والدہ 94برس کی عمر میں انتقال کرگئیں۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے گلوکار عارف لوہار نے بتایا کہ ان کی والدہ جو ان کے بڑے بھائی ارشد لوہار کے ساتھ لندن میں مقیم تھیں مختصر علالت کے بعد انتقال کر گئی ہیں۔انہوں نے بتایا کہ ان کی والدہ کی تدفین گزشتہ روز بڑے بھائی اور خاندان
کے دیگر افراد کی موجودگی میں لندن کے ایک مقامی قبرستان میں کر دی گئی ہے۔واضح رہے کہ عارف لوہار کی اہلیہ کا انتقال رواں برس رمضان المبارک میں ہوا تھا۔ دوسری جانب پاکستان ٹیلی ویژن انڈسٹری کے سینئر اداکار انور اقبال بلوچ 71 برس کی عمر میں کینسر کے باعث طویل علالت کے بعد انتقال کرگئے۔اہلِ خانہ کے مطابق چند ماہ قبل انور اقبال کی اہلیہ کا بھی انتقال ہوگیا تھا، انور اقبال نے چار بیٹیاں سوگوار چھوڑی ہیں۔ڈرامہ سیریل شمع میں اداکاری کے جوہر دِکھا کر شہرت کی بلندیوں پر پہنچنے والے انور اقبال بلوچ نے بیشمار اردو اور سندھی ڈراموں میں کام کیا۔ جامعہ کراچی سے ماسٹرز کی ڈگری مکمل کرنے کے بعد انہوں نے 1976 میں پروڈکشن سے اپنے کیرئیر کا آغاز کیا۔بلوچی زبان کی پہلی فلم حمل و ماہ گنج بنانے کا کریڈٹ بھی انہی کے نام ہے، اس فلم کو پروڈیوس بھی انور اقبال نے کیا تھا جبکہ اس میں بطور ہیرو بھی خود ہی آئے تھے۔اس فلم کی کہانی نامور شاعر سید ظہور شاہ ہاشمی نے لکھی تھی جبکہ فلم کی دیگر کاسٹ میں انیتا گل، نادر شاہ عادل، اے آر بلوچ، نور محمد لاشاری شامل تھے۔اداکاری کی دنیا میں نام کمانے والے انور اقبال اداکاری کے علاوہ ایک استاد بھی رہے، وہ اپنی حیات میں ایک نجی اسکول میں بچوں کو تعلیم دیتے رہے۔