نیویارک(این این آئی)فیس بک کی فوٹو اینڈ ویڈیو شیئرنگ ایپلی کیشن انسٹاگرام نے ڈیسک ٹاپ کے لیے اہم فیچر کی آزمائش شروع کردی ہے۔میڈیارپورٹس کے مطابق انسٹاگرام، ڈیسک ٹاپ کمپیوٹر پر ویب برازر کے ذریعے تصاویر اور ویڈیوز پوسٹ کرنے کے فیچر کی آزمائش
کررہا ہے۔میڈیارپورٹس کے مطابق یہ فیچر سوشل میڈیا کنسلٹنٹ میٹ نورا کی جانب سے محدود پیمانے پر دیکھا گیا اور انہوں نے اس کے کچھ اسکرین شاٹس بھی شیئر کیے۔انہوں نے لکھا کہ اب ڈیسک ٹاپ میں بھی انسٹاگرام پر پوسٹ بنائی اور شیئر کی جاسکے گی۔دوسری جانب فیس بک نے ایک بیان میں اس فیچر کی آزمائش کی تصدیق کی۔فیس بک کی ترجمان کرسٹین پائی نے کہا کہ ہم جانتے کہ کئی لوگ اپنے کمپیوٹر سے انسٹاگرام تک رسائی حاصل کرتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ اس تجربے کو بہتر بنانے کے لیے اب ہم ڈیسک ٹاپ براز کے لیے انسٹاگرام پر فیڈ پوسٹ کرنے کے فیچر کی آزمائش کررہے ہیں۔یہ فیچر ابھی محدود پیمانے پر دستیاب ہے جس میں کچھ فلٹرز کا استعمال بھی متعارف کرایا گیا ہے۔خیال رہے کہ انسٹاگرام اپنی ویب ایپ خاص طور پر ڈیسک ٹاپ پر فیچرز متعارف کرانے میں کافی سست روی کا شکار رہا ہے۔انسٹاگرام میں ڈائریکٹ میسیجنگ کا فیچر بھی گزشتہ برس دستیاب ہوا تھا۔تاہم کچھ سوشل میڈیا پروفیشنلر جو اپنے روزمرہ کے کام کے لیے انسٹاگرام کا استعمال کرتے ہیں انہیں ڈیسک ٹاپ پر پوسٹس کے لیے تھرڈ پارٹی-ٹولز کا استعمال کرنا پڑا کیونکہ کچھ چیزوں میں صرف موبائل اپروچ ناکافی ہے۔