لاہور ، اسلام آباد(آن لائن، این این آئی) لاہور سمیت پنجاب بھر کے سرکاری تعلیمی اداروں میں موسم گرما کی تعطیلات کا معاملہ ایک مرتبہ پھر لٹک گیا ہے ،اس سلسلے میں این سی او سی کا موقف ہے کہ صوبے کے سرکاری اور نجی تعلیمی اداروں میں موسم گرما کی چھٹیاں
18 جولائی سے یکم اگست تک دی جائیں جبکہ پنجاب کے وزیرتعلیم کا موقف ہے کہ یہ چھٹیاں 2 جولائی سے 2 اگست تک دی جائیں۔ سرکاری اور نجی سکولوں کے طلباء و طالبات کو گرمیوں کی تعطیلات کتنی دی جائیں گی اب اس بات کا فیصلہ این سی او سی کے آئندہ اجلاس میں کیا جائے گا۔دوسری جانبملک بھر گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دور ان کورونا سے مزید 36 افراد انتقال کرگئے ، مثبت کیسز کی شرح 1.99 فیصد ریکارڈ کی گئی۔پاکستان میں کورونا کے اعداد و شمار بتانے والی ویب سائٹ (covid.gov.pk) کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک بھر میں کورونا کے 46842 ٹیسٹ کیے گئے جن میں سے 935 افراد میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی ،وائرس سے مزید36 افراد چل بسے ،سرکاری پورٹل کے مطابق ملک میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا کے مثبت کیسز کی شرح 1.99 فیصد رہی۔ملک میں کورونا سے اب تک مجموعی طور پر اموات کی تعداد 22188 ہوگئی اور کل کیسز کی تعداد 9 لاکھ 53 ہزار 842 ہوچکی ہے ، اب تک وائرس سے 8 لاکھ 98 ہزار 944 افراد صحتیاب بھی ہوئے ہیں۔