لاہور(آئی این پی) پنجاب حکومت نے صوبے میں نئے ڈویژن، نئے اضلاع اورنئی تحصیلوں کے قیام پر غورشروع کردیا ہے، جبکہ وزیراعلی پنجاب سردار عثمان بزدار نے خاموشی کیساتھ مختلف اداروں کوٹاسک سونپ دیا ہے۔ نجی ٹی وی کے مطابق وزیراعلی پنجاب کی ہدایت پر خفیہ طور پر نئے اضلاع، تحصیلوں کے لئے کام شروع کردیا گیا ہے، اور مختلف اداروں سے نئے اضلاع کے حوالے سے ابتدائی رپورٹس مانگ لی گئی ہیں۔ وزیراعلی اصولی طور پر نئے اضلاع اور نئی تحصیلوں کے قیام کے حامی ہیں اور انہوں نے نئے فیصلے کے حوالے سے ابتدائی مشاورت بھی کرلی ہے، اور سیاسی طور پر اس فیصلے کے وسیع پیمانے پر اثرا ت مرتب ہوں گے۔ بجٹ منظوری کے بعد پنجاب میں نئے اضلاع،نئی تحصیلوں اورنئے ڈویژن کے حوالے سے با ضابطہ کام ہوگا، سیاسی رہنماں اور ارکان اسمبلی سے بھی ان کے اضلاع میں ردو بدل کے حوالے سے مشاورت کی جائے گی، پنجاب بھر میں زیادہ آبادی والے بڑے اضلاع میں کانٹ چھانٹ کا امکان ہے اور کئی حلقوں میں ردوبدل متوقع ہے۔